سعودی خواتین نے ایئر ٹریفک کنٹرول کے پیشے کا رْخ کر لیا
ریاض 6مارچ(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )سعودی عرب میں ایئر ٹریفک کنٹرول کے شعبے میں کام کرنے کے لیے خواتین کے واسطے پہلا تربیتی پروگرام اتوار کے روز سے شروع ہو گیا۔یہ پروگرام Saudi Air Navigation Services (SANS) کمپنی نے سعودی سول ایوی ایشن اکیڈمی کے تعاون سے متعارف کرایا ہے۔ اس ایک سالہ ڈپلومہ پروگرام میں 12 سعودی لڑکیوں کو داخلہ دیا گیا ہے۔ پروگرام کی کامیاب تکمیل پر ان لڑکیوں کو منظور شدہ ڈپلومہ سرٹفکیٹ اور کمپنی میں ملازمت پیش کی جائے گی۔دوسری جانب SANS کمپنی کے چیف ایگزیکٹو انجینئر ریان طرابزونی نے واضح کیا ہے کہ کمپنی نے سعودی ویڑن 2030ء پروگرام کے تناظر میں سعودی خواتین کی سپورٹ کے لیے اس میدان میں نوجوان خواتین کی ملازمت کو ترجیح دی۔ اس طرح مملکت کے مختلف شعبوں میں خواتین کی نمائندگی کے تناسب میں اضافہ ہو گا۔طرابزونی کے مطابق پروگرام میں شریک خواتین کے فارغ التحصیل ہوتے ہی ان کو فوری طور پر جدہ اور ریاض میں ایئر ٹریفک کنٹرول کے مراکز میں ملازمت دی جائے گی۔ بعد ازاں پروگرام میں دوسری کھیپ کے داخلوں کے آغاز کا اعلان کیا جائے گا۔سعودی سول ایوی ایشن اکیڈمی مختلف نوعیت کے تربیتی پرگرام پیش کرتی ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ سول ایوی ایشن کی جنرل اتھارٹی ان اداروں میں سے ہے جہاں سعودی خواتین کام کرنے کے مواقع حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ اتھارٹی اس بات کی خواہش مند ہے کہ روزگار کی منڈی میں سعودی خواتین کے لیے شرکت کے تناسب کو بڑھایا جائے اور مملکت میں مردوں اور خواتین کے لیے روزگار کے برابر مواقع فراہم کیے جائیں۔