گجرات کے راجکوٹ میں موبائل فون پر پبجی کھیلنے والے 10 افراد گرفتار
احمد آباد، 14 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پولیس کی پابندی کے باوجود مبینہ طور پر اپنے موبائل فون پر پبجی گیمز کھیلنے کے لیے گزشتہ دو دنوں میں گجرات کے راجکوٹ شہر میں کالج کے چھ طالب علموں سمیت 10 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کمشنر منوج اگروال نے چھ مارچ کو ایک نوٹیفکیشن جاری کر کے شہر میں آن لائن گیم پلیئر بیٹل گراؤنڈ (پبجی) اور ’موموچیلنج‘پر پابندی لگا دی تھی۔راجکوٹ تالک پولیس انسپکٹر وی ایس ونجارا نے کہا کہ پولیس تھانوں کو پابندی کو لاگو کرنے اور ان گیموں کو کھیلنے والوں کو گرفتار کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ منگل کو ہماری ٹیموں نے کلاواڈ روڈ اور جگن ناتھ چوک علاقے میں اپنے موبائل فونز پر پبجی گیم کھیل رہے کالج کے چھ طالب علموں کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس کنٹرول پینل سے جاری ایک ریلیز کے مطابق اسی دن گاندھی گرام پولیس نے اپنے موبائل فون پر گیمز کھیلنے کے لئے ایک ذاتی فرم کے 25 سالہ ملازم کو گرفتار کیا تھا۔ایک اور سرکاری ریلیز کے مطابق راجکوٹ پولیس کے خصوصی مہم گروپ نے شہر کے مختلف علاقوں میں اپنے فون پر لائن گیمز کھیل رہے تین افراد کو گرفتار کیا۔
پولیس نے بتایا کہ تعزیرات ہند کی دفعہ 188 کے تحت ان تمام 10 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور بعد میں انہیں متعلقہ پولیس تھانوں میں ضمانت دے دی گئی۔پولیس کمشنر کے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی ضروری ہے کیونکہ ان گیموں سے بچوں اور نوجوانوں کے رویے میں تبدیلی ہورہی ہے۔ احمد آباد کے پولیس کمشنر اے کے سنگھ نے بھی بدھ کو ایک نوٹیفکیشن جاری کر کے انہی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے ان دونوں گیم پر پابندی لگا دی تھی۔