یمنی فوج کے آپریشن میں متعدد باغی لیڈر ہلاک اور گرفتار
صنعاء28؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) یمن کی آئینی فوج اور اس کی معاون مزاحمتی فورسز نے مآرب گورنری میں کیے گئے آپریشن کے دوران باغیوں کے متعدد اہم لیڈروں کو ہلاک اور بعض کو گرفتار کر لیا ہے۔یمنی فوج نے سوموار کے روز مآرب گورنری میں ایک کارروائی کے دوران باغی لیڈر کرنل محمد صالح المتوکل اور اس کے تین ساتھیوں کو حراست میں لے لیا۔نامہ نگار کے مطابق گرفتار کیے گئے کرنل المتوکل کا تعلق مں حرف سابق صدر علی عبداللہ صالح کی جماعت سے ہے۔ اسے جبل مرثد کے مقام سے حراست میں لیا گیا۔ اسی آپریشن میں علی صالح کا ایک وفادار بریگیڈٰیئر عبداللہ الحمزی اور اس کے متعدد ساتھی ہلاک ہوگئے۔ادھر دوسری جانب عرب اتحادی فوج کے جنگی طیاروں نے یمنی باغٰیوں کے خفیہ ٹھکانوں بالخصوص النسیم فارمز، الخضراء اور سرحدی علاقے حرض میں 15 فضائی حملے کیے جن میں باغیوں کو غیرمعمولی جانی اور مالی نقصان پہنچایا گیا ہے۔یمنی فوج نے اتحادی فورسز کی معاونت سے سعودی عرب کی سرحد کے قریبی علاقے صعدہ میں البقع سمیت متعدد دیگر مقامات حوثی باغیں سے واپس لے لیے۔